تبصرہ کتاب ڈاکٹر سید عبداللہ فکر اقبال کا شارح اور مفسر

518 views
Skip to first unread message

aapka Mukhlis

unread,
Dec 3, 2012, 7:54:02 AM12/3/12
to bazm qalam
معزز اہلِ بزم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
محترم عبدالمتین منیری صاحب کی تجویز پر جس طرح راشد اشرف صاحب نے صاد کیا ہے اور اس پر عمل درآمد کی ہامی بھری ہے، میں نے سوچا کہ راشد صاحب کا ہاتھ بٹا دیا جائے۔ جہاں سے مجھے مختلف کتب پر تبصرے ملے وہ میں ارسال کردیا کروں گا اور جہاں تک راشد صاحب کی رسائی ہوئی وہ بزم میں پیش کردیا کریں گے۔ اس سلسلے میں پہلا تبصرہ پیشِ خدمت ہے۔
 
ڈاکٹر سید عبداللہ فکر اقبال کا شارح اور مفسر
ملک نواز احمد اعوان
نام کتاب:
علامہ اقبال :مسائل و مباحث
اقبال کے فکروفن پرڈاکٹر سید عبداللہ کے مقالات
مرتب:
ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی
صفحات:
376 قیمت 400 روپے
ناشر:
اقبال اکادمی پاکستان، چھٹی منزل۔
ایوانِ اقبال ۔ لاہور
ٹیلی فون:
(+92-42) 36314510,99203537
ویب سائٹ:
www.allamaiqbal.com
ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی انتھک علمی کام کرنے والے ایسے شخص ہیں جو اپنی ذات میں ایک انجمن اور ادارہ ہیں۔ ہر وقت مصروف رہنے والے، متنوع علمی منصوبوں کی تکمیل کے لیے کوشاں، باوجود کمزور صحت اور عوارض کے مجاہد کی طرح اس علمی محاذ پر مصروفِ عمل۔ ان کا تازہ شاہکار ڈاکٹر سید عبداللہ کے اقبالیات پر لکھے ہوئے مضامین و مقالات، مکتوبات اور متفرق تحریروں کا قابلِ قدر مجموعہ ہے جو نہایت خوبصورت ترتیب، سلیقے سے مرتب اور عمدگی سے طبع شدہ ہے۔ ڈاکٹر سید عبداللہ پنجاب کے بابائے اردو تھے، وہ خود بھی مصروف رہتے اور اپنے شاگردوں کو بھی علمی منصوبوں میں مصروف رکھتے۔ ڈاکٹر ہاشمی تحریر فرماتے ہیں:
’’ڈاکٹر سید عبداللہ کا تعلق اقبال شناسوں کے اُس گروہ سے تھا جس میں سر عبدالقادر، غلام رسول مہر، خلیفہ عبدالحکیم، یوسف حسین خاں، نذیر نیازی، خواجہ عبدالوحید، بشیر احمد ڈار، عزیز احمد اور ممتاز حسن جیسے سربرآوردہ مشاہیرِ ادب شامل تھے۔ سید صاحب اپنے مذکورہ بالا معاصرین میں اس لیے بھی ممتاز و منفرد مقام رکھتے تھے کہ انہوں نے فکرِ اقبال کو نہ صرف قرطاس و قلم کے ذریعے اجاگر کیا، بلکہ ایک طویل عرصے تک وہ اپنے عالمانہ اور دل نشیں لیکچروں کے ذریعے تعلیماتِ اقبال کو اپنے سیکڑوں اور ہزاروں طلبہ و طالبات کے دل و دماغ میں اتارتے اور انہیں اقبال آشنا کرتے رہے… انہوں نے اقبال کے فکر و فلسفے اور شاعری پر صرف مضامین اور کتابیں ہی نہیں لکھیں، اقبالیاتی کانفرنسوں اور جلسوں کا اہتمام بھی کیا، اقبال پر تقریریں کیں، اقبال میموریل لیکچر دیے، اقبالیاتی نصابات مرتب کرکے فکر و شعرِ اقبال کو جامعاتی سطح پر تدریسِ اردو اور تدریسِ فارسی کا حصہ بنایا، اور جیسا کہ اوپر ذکر ہوا، انہوں نے خود بھی سالہا سال تک ایم اے اردو جماعتوں کو اقبالیات کا درس دیا۔ طلبہ و طالبات سے بعض اقبالیاتی موضوعات پر تحقیقی مقالات تیار و رقم کرائے۔ جب کبھی اور جہاں کہیں اقبال پر کوئی اعتراض وارد ہوا، سید صاحب نے اپنے مخصوص دھیمے لہجے میں بڑی حکمت کے ساتھ محکم اور قوی دلائل کے ذریعے ان اعتراضات کو رفع کردیا… غرض پایانِ عمر وہ اقبالیات کے علَم بردار کے طور پر ایک شارح اور مبلغ و مفسر کا کردار ادا کرتے رہے۔
اقبالیات پر سید صاحب کی حسب ذیل کتابیں شائع ہوچکی ہیں:
1۔ مقاماتِ اقبال: ناشرین لاہور، 1959ء
2۔ طیفِ اقبال: لاہور اکیڈمی لاہور، 1964ء
3۔ سہلِ اقبال: مکتبہ خیابانِ ادب لاہور، 1969ء
4۔ مسائلِ اقبال: مغربی پاکستان اردو اکیڈمی لاہور، 1974ء
5۔ شیخ اکبر اور اقبال: مغربی پاکستان اردو اکیڈمی لاہور، 1979ء
6۔ مقاصدِ اقبال: علمی کتاب خانہ لاہور، 1981ء
7۔ مطالعۂ اقبال کے چند نئے رخ: بزمِ اقبال لاہور، 1984ء
8۔ رمزِ اقبال: اسرار بک ڈپو دہلی، س ن
زیر نظر کتاب میں ڈاکٹر سید عبداللہ کے ایسے اقبالیاتی مقالات و مضامین، مکاتیب، دیباچوں، تبصروں، مصاحبوں اور متفرقات کو یکجا کیا گیا ہے، جو ان کے متذکرہ بالا کسی مجموعے میں شامل نہیں ہیں۔
زیر نظر مجموعے کی ترتیب و تدوین میں:
1۔ سید صاحب کا متن جوں کا توں دیا گیا ہے، البتہ چند مقامات پر قیاسی تصحیح کی ضرورت پیش آئی۔ ایسی تصحیحات کو قلابین میں دیا گیا ہے۔
2۔ آیاتِ قرآنی، احادیثِ نبویؐ، عربی مقولوں اور اردو اور فارسی اشعار کی مقدور بھر تصحیح کردی گئی ہے۔
3۔ ہر تحریر کے آخر میں اس کے مصدر کا حوالہ دیا گیا۔
4۔ پاورق میں جو حواشی مرتب نے ایزا د کیے ہیں ان کے ساتھ ’مرتب‘ درج ہے۔
5۔ کتاب میں متد اول املا اختیار کیا گیا ہے۔‘‘
9 نومبر 1974ء سے 8نومبر 1975ء تک سالِ اقبال منایا گیا۔ ہفت روزہ ’چٹان‘ لاہور جو شورش کاشمیری کی زیر ادارت شائع ہونے والا اپنے وقت میں مشہور مجلہ تھا اس میں ہر ہفتے ڈاکٹر صاحب کا علامہ اقبال پر ایک مقالہ شائع ہوتا رہا۔ کتاب میں مقالاتِ سالِ اقبال کے عنوان کے تحت 46 مقالات شامل کیے گئے ہیں۔ ہر مقالے کے آخر میں مقالے کی تاریخ اشاعت درج کردی گئی ہے۔ اس حصے میں جو مقالات شائع کیے گئے ہیں ان کے عنوانات درج ذیل ہیں:
مکمل اور حقیقی اقبال کی تلاش میں، ملّی وجود کے تین دشمن، کلام اقبال میں افرنگ کی حیثیت، غلبۂ افرنگ کے تین محاذ، فرنگی سیاست کے معنی؟، فرنگ کے سیاسی نظریے، فرنگی معاشرت: اقوامِ مشرق کی موت، فرنگ کا تیسرا محاذ: فکر و حکمت، فرنگی حکمت کا نقشِ زیبا، کلام اقبال کا مصور: عبدالرحمن چغتائی، حکمتِ افرنگ، فرنگی حکمت کے تاریک پہلو، فرنگ دل کی خرابی… خرد کی معموری، ذکر و فکرِ اقبال کو عام کیجیے، حکمتِ فرنگ کی ایک اور محرومی، مغرب کے سیاسی فکر پر اقبال کی تنقید۔ 1، مغرب کے سیاسی فکر پر اقبال کی تنقید۔2، پنجاب یونی ورسٹی میں علامہ اقبال کے چند عقیدت مند، اقبال پر ایک کتاب، کلام اقبال بہ ترنم، قومی اقبال کمیٹی کی مجلس عاملہ کی خدمت میں چند مشورے۔ 1، قومی اقبال کمیٹی کی مجلس عاملہ کی خدمت میں چند مشورے۔2، نظریۂ خودی کی سہل ترین تشریح۔1، نظریۂ خودی کی سہل ترین تشریح۔2، نظریۂ خودی کی سہل ترین تشریح۔3، نظریۂ خودی کی سہل ترین تشریح۔4، دو دن شہرِ اقبال میں،نظریۂ خودی کی سہل ترین تشریح۔5، خودی کا استحکام: تعلیم و تربیت، خودی کے استحکام میں عقل کا مقام، رموزِ بے خودی یا اجتماعی خودی، ملّت اسلام میں تمدن کی بنیادیں، خودی کا ضعف، اقبال کی خودی… صوفیوں کی بے خودی۔1، اقبال کی خودی… صوفیوں کی بے خودی۔2، نقوشِ اقبال: ایک نیا نقطۂ نظر، ’’فلسفہ زدہ سیدزادہ‘‘ اور اقبال، اسرارِ معراج اقبال کی نظر میں، عجم و عجمیت اقبال کی نظر میں۔1، عجم و عجمیت اقبال کی نظر میں۔2، عجم و عجمیت اقبال کی نظر میں۔3، اقبال در راہِ مولوی، اقبال و تصوف، علامہ اقبال اور تصوف، اقبال کے معاشی تصورات۔1، اقبال کے معاشی تصورات۔2
’مضامین‘ کے عنوان کے تحت جو مضامین درج ہیں ان کے عنوانات درج ذیل ہیں:
شاعر مشرق، علامہ اقبال ]فکرِ اسلامی کا علم بردار[، نوائے شاعرِ فردا، نوجوان اور مطالعۂ اقبال، اقبال اور رومی، اقبال کی اردو شاعری، اقبال کی تصانیفِ نظم و نثر میں سائنسی موضوعات، اقبال فہمی کے بنیادی اصول، کچھ تمثیل کے بارے میں (بحوالہ فکرِ اقبال)، مطالعۂ اقبال: چند ضروری پہلو، اقبال ]شاعری اور فکر و فن[
’’مکاتیب‘‘ کے زیر عنوان جن اصحاب کے نام ڈاکٹر سید عبداللہ کے خطوط شائع کیے گئے ہیں ان کے اسمائے گرامی درج ذیل ہیں:
بنام شورش کاشمیری، بنام رفیع الدین ہاشمی، بنام سیف اللہ، بنام ظفر حجازی، بنام ابوالمعانی عصری،
یہ کل آٹھ خط ہیں۔ دو انٹرویو بھی شاملِ اشاعت کیے گئے ہیں:
فکر و نظر سے انٹرویو… نومبر 1977ئ، اقبال نمبر 1977
اقبال شناس، اقبال دوست… 1977ئ، العلم لاہور اقبال نمبر
متفرقات میں درج ذیل مضامین شامل ہیں:
الف۔ دیباچے، مقدمے
1۔ فیضانِ اقبال (شورش کاشمیری)، 2۔ خطوطِ اقبال (رفیع الدین ہاشمی)،
3۔ تصوراتِ اقبال (مولانا صلاح الدین احمد)، 4۔ اقبال اور احیائے دین (خالد علوی)، 5۔ ترجمہ جاوید نامہ (رفیق خاور)
ب۔ متفرق
پیغام یومِ اقبال… بنام ڈاکٹر انعام الحق کوثر، پیغام برائے مجلہ ’کائنات‘ کراچی، ایک مختصر تحریر (مسلمانوں کی نشاۃِ ثانیہ بذریعہ قیام پاکستان)
کتاب بہت خوبصورت طبع ہوئی ہے۔ مجلّد ہے اور سادہ سرورق سے آراستہ ہے۔
 

Rashid Ashraf

unread,
Dec 3, 2012, 8:12:39 AM12/3/12
to BAZMe...@googlegroups.com, Abdul Mateen Muniri
جزاک اللہ mukhlis sahab

روزنامہ جنگ کے گزشتہ اتوار کے پرچے میں شائع ہوا  "کتابوں پر تبصرہ":

http://magazine.jang.com.pk/detail_article.asp?id=17557

راشد


2012/12/3 aapka Mukhlis <aap...@yahoo.com>
--
--
زبان اور ادب کی بے لوث خدمت میں مصروف چند ادارے
کسوٹی جد http://www.kasautijadeed.com/cms/
اردو آڈیو اور ویڈیوکا دنیا میں سب سے بڑا ذخیرہ www.urduaudio.com
سہ ماہی اثباتwww.esbaatpublications.com
کمپیوٹرانٹرنیٹ پر مائکروسوفٹ ورڈ میں اور ای میل میں اردو تحریر کے لیےwww.urdu.ca - www.mbilalm.com
http://www.wadi-e-urdu.com/urdu-autobiographies-part-1/
راشد اشرف کی تحریروں کے لیے
http://www.hamariweb.com/articles/userarticles.aspx?id=4760
To read the archives https://groups.google.com/group/BAZMeQALAM/topics
 
To receive an invitation to JOIN send mail to bazme...@gmail.com
 
To invite your friends to Bazm e Qalam group http://groups.google.com/group/BAZMeQALAM/members_invite
 
To UNSUBSCRIBE please send a blank mail to bazme...@googlegroups.com with subject "UNSUBSCRIBE"
http://www.facebook.com/bazmeqalam.googlegroup
 
 

Reply all
Reply to author
Forward
0 new messages